Tuesday, August 14, 2018

جدیدکمپیوٹر عہدکاشاعر:مسلم سلیم تحریر۔احد پرکاش

جدیدکمپیوٹر عہدکاشاعر:مسلم سلیم
تحریر۔احد پرکاش
مسلم سلیم ہمارے عہد کے اہم شاعر ہیں۔وہ جدید بھی ہیں اور کلاسک بھی۔صحافت، ادب اور آرٹ سبھی میں مسلم سلیم نمایاں ہیں۔یہ طے کرناکہ در اصل وہ ہیں کیا؟چہرہ شناس، سخن شناس، قلم کے جادوگر،صحافی، شاعر، دوست جن کی آنکھیں بولتی ہیں، خوش کلام، خوش لباس، خوش مزاج۔ ان کے بارہ میں ثروتؔ زیدی بھوپالی کہتے ہیں۔
شعروادب کے تاج ہیں دل کے امیر ہیں
لفظوں کی انجمن میں انیسؔ و دبیرؔ ہیں
غالبؔ نواز قوم نے اعلان کر دیا
مسلم سلیم اردو گھرانے کے میرؔ ہیں
اردو شاعری کے ذوق و شوق کا یہ عالم ہے کہ ’’نیند بھی میرے لیے عالمِ بیداری ہے‘‘۔ عالمِ خواب میں بھی شعر کہا کرتا ہوں‘‘۔جوشخص سوتے جاگتے شاعری میں غرق رہے اسے آپ کیا کہیں گے؟ ’’کہیں سے دیکھو بدلتی نہیں جہاتِ وجود۔۔ہزار آئینے ہیں اورایک ذاتِ وجود‘‘۔
آپ جب بھی ان سے ملیں گے ایک تازگی کا احساس ہوگا اور آپ کولگے گا کہ.....
وہ شخص دور تلک ہے سمندروں جیسا
عجیب حال میں ملتا ہے دلبروں جیسا
ہیں سات رنگ مگر رکھ دئے کتابوں میں
ہمارا حال ہے بالکل انھیں پروں جیسا
اور میں نے جب ان سے پوچھا۔۔۔آپ شاعری کیسے کرتے ہیں؟ تو کسی معصوم بچے کی طرح ان کا جواب تھا ’’شعر ہم نہیں کہتے تتلیاں پکڑتے ہیں‘‘۔یہ پھولوں کادیوانہ اور تتلیاں پکڑنے والا شاعربھوپال کے لیے باعثِ افتخار اور فخرکی علامت ہے کہ اس کی لکھی ہوئی غزلیں گجرات یونی ورسٹی کے نصاب میں شا مل کی گئیں ہیں۔ان کے ساتھ جن شاعروں کا پڑھایا جا رہا ہے ان میں ولیؔ دکنی،خواجہ میر دردؔ ، میر تقی میرؔ ، آتشؔ ، غالبؔ ، علامہ اقبالؔ ، حالیؔ ، فیض احمد فیضؔ ، ناصرؔ کاظمی، منیر ؔ نیازی، احمد فرازؔ وغیرہ شامل ہیں۔یہ مدھیہ پردیش اور بھوپال کے لیے نہایت خوشی کی بات ہے کہ مسلم سلیم صاحب کی ادبی خدمات اور زندگی کا احاطہ کرتی ہوئی دستاویزی فلمیں بھی بنائی گئی ہیں جنھیں ساری دنیا نے دیکھا اور سراہا ہے۔
مسلم سلیم آج کی ٹیکنولوجی اور انٹرنیٹ کے شاعر ہیں۔ ان کی اپنی خود کی ویب سائٹس ہیں جن کے ذریعہ وہ سمندرپار تک کے ہزاروں محبانِ اردو سے رابطہ کرتے اور اردو کی خدمت انجام دیتے ہیں۔وہ مانتے ہیں کہ اردو زبان کے توسط سے وہ ہندوستانی تہذیب اور ادب کوساری دنیا میں پھیلا رہے ہیں۔اقصائے عالم میں جہاں جہاں اردو کی بستیاں ہیں وہاں وہیں مسلم سلیم کی ویب سائٹ کھوج خبرنیوزڈاٹ کام پر’’اردو پوئٹس اینڈ رائٹرس‘‘ کی ڈائرکٹریز کو دیکھا جا سکتا ہے۔آپ کی تقریباً۲۶؍ویب سائٹس ہیں جن میں یہ دن رات لگے رہتے ہیں۔ پوری دنیاکے ہر چھوٹے بڑے اردو کے شاعر اورادیب سے آپ جڑے ہیں اوربے لوث خدمت گار کی طرح مصروفِ عمل ہیں ۔ یہی سبب ہے کہ آپکے چاہنے اور پیار کرنے والے ساری دنیا میں پھیلے ہوئے ہیں۔ان کی زندگی اور فن پر مشہورِعالم ادبی جریدہ ’’شاعر‘‘، ممبئی نے جو خاص نمبر شائع کیا ہے وہ انتہائی شاندار، قابلِ تعریف اور شیلف میں سجانے کے لائق مانا گیا ہے۔
نئی نسل کے ہردل عزیز شاعربدر واسطی نے اپنے مضمون میں انھیں البیلے خیال کا شاعر کہا ہے۔وہ لکھتے ہیں ’’مسلم سلیم البیلے خیال کے شاعر ہیں۔ان کے لہجے کی کھنک ان کی اپنی ہے جس میں ان کے مزاج اور اندازِفکر کی جھلک نمایاں ہونے کے باوجود ان کی آواز نامانوس معلوم نہیں ہوتی ہے۔وہ اپنے پڑھنے اور سننے والے اپنا گِرویدہ بنا لیتے ہیں۔ان کے یہاں ایسے شعر کافی تعداد میں ہیں جنھیں وہ زندگی کے بہت قریب جا کر لائے ہیں۔‘‘
دراصل وہ ایک ایسے شاعر ہیں جو نئی پرانی دونو ں نسلوں میں اپنی پہچان بنا چکے ہیں۔نئی ٹیکنولوجی اور جدیدکمپیوٹرسے آراستہ ان کا دماغ ہمیشہ ایک نئی تعمیرمیں مصروف اور فعّال رہتا ہے۔ ہندوستانی ادبِ اردوشاعر، ادیب، صحافی اور خدمت گار کے روپ میں مسلم سلیم ہمیشہ صفِ اوّل میں رہیں گے ۔ ان کا موبائل نمبر 9893611323 اور ای۔میل پتہ saleemmuslim@gmail.com ہے جن پر ان سے رابطہ قائم کیا جا سکتا ہے۔
— with Ahad Prakash.

No comments:

Post a Comment